وزیراعظم کی چینی کی ذخیرہ اندوزی اورناجائزمنافع خوری کیخلاف کارروائی کی ہدایت
ناجائزمنافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں،ریاست ان عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرے گی، شوگرملز کی نگرانی کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس
وزیراعظم کی چینی کی ذخیرہ اندوزی اورناجائزمنافع خوری کیخلاف کارروائی کی ہدایت |
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے چینی کی ناجائزمنافع خوری کیخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ ناجائزمنافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں،ریاست ان عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرے گی، شوگرملز کی نگرانی کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت چینی کی قیمت اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب، شہزاد اکبر اور معاون خصوصی شہبازگل شریک ہوئے۔ پنجاب کے صوبائی وزیرصنعت اور چیف سیکریٹری پنجاب ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کا عمل شروع ہے، شوگرملز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیئے گئے ہیں، گنے کی مقدار اور پیدا شدہ چینی کی نگرانی کی جائے گی، تمام شوگرملز سے کرشنگ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر معلومات جمع کی جائیں گی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے، شوگرملز کی نگرانی کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے، ناجائزمنافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں،ریاست ان عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرے گی۔ دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز پر ایک بار پھر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا،مختلف برانڈز کا گھی 15 سے 49 روپے فی کلو مہنگا کردیا گیا، مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل 14 سے 110 روپے فی لیٹر تک مہنگا کردیا گیا۔
کپڑے دھونے کے 2 کلو پاؤڈر کی قیمت میں 10 سے21 روپے، جوتے چمکانے والی 42 ملی گرام پالش10 روپے، شیمپو کی 180 ملی لیٹر قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ ہینڈ واش کی 228 ملی لیٹر قیمت میں 9 روپے، شربت کی 800 ملی لیٹر قیمت میں 40 روپے،اچار کی 300 گرام قیمت 20 سے 44 روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔